سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی دل کی تکلیف کے باعث اسپتال داخل

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی دل کی تکلیف کے باعث لاہور کے ایک نجی اسپتال میں داخل ہوگئے ہیں، جہاں ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ان کا علاج جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے باسط علی کی انجیو پلاسٹی تجویز کی ہے۔ کرکٹ شائقین اور سابق کرکٹرز نے باسط علی کی جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
55 سالہ باسط علی نے 1993 سے 1996 کے دوران پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے قومی ٹیم کی جانب سے 19 ٹیسٹ اور 50 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 858 رنز بنائے، جن میں ایک سنچری شامل ہے، جبکہ ون ڈے میں ان کے رنز کی تعداد 1,265 رہی، جس میں ایک سنچری اور 9 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
جارحانہ انداز کے دائیں ہاتھ کے بلے باز باسط علی نے 1993 کے دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا۔ اسی سال شارجہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقابلِ شکست 127 رنز کی اننگز ان کے کیریئر کی نمایاں کارکردگیوں میں شمار ہوتی ہے۔
کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی باسط علی پاکستانی کرکٹ سے وابستہ رہے اور کوچنگ، تجزیہ کاری اور قومی ٹیم سے متعلق امور پر اپنی رائے کا اظہار کرتے رہے۔ وہ رواں سال بھی کرکٹ تجزیہ کار کے طور پر فعال رہے ہیں۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











