بدھ، 15-جولائی،2026
بدھ 1448/02/01هـ (15-07-2026م)

بین الاقوامی قیمتیں بڑھنے کو مجھ سمیت کوئی کنٹرول نہیں کر سکتا، وزیر پیٹرولیم

15 جولائی, 2026 10:09

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے پر پاکستان کا کوئی کنٹرول نہیں، تاہم حکومت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

 وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب پہلے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو وزیراعظم نے انہیں صورتحال سنبھالنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ حکومت نے فوری اقدامات کیے تاکہ ملک میں تیل کی سپلائی متاثر نہ ہو اور عوام کو ایندھن کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کے لیے لائسنس کی شرائط کے مطابق کم از کم 20 روز کا پیٹرولیم ذخیرہ رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ اس وقت بھی ملک میں مطلوبہ مقدار میں پیٹرولیم مصنوعات دستیاب ہیں، جبکہ ریفائنریز کے پاس 5 سے 7 روز کا خام تیل بھی موجود ہے، جس سے سپلائی کا سلسلہ جاری رکھا جا سکتا ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں خام تیل کی قیمتیں تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں اور ان پر کسی ایک ملک کا اختیار نہیں ہوتا۔ اگر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر دباؤ کم کرنا ہے تو ایندھن کی مجموعی طلب میں کمی لانا ہوگی۔ حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے اور عوام کو بھی چاہیے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پیٹرولیم مصنوعات کا محتاط استعمال کریں۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ اس وقت پیٹرولیم لیوی کی شرح جنگ سے پہلے کے مقابلے میں کم ہے۔ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ عوام پر ممکنہ حد تک کم بوجھ ڈالا جائے، لیکن بین الاقوامی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے مکمل طور پر بچنا ممکن نہیں۔

انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران سے آنے والے جہازوں پر اضافی فیس عائد کرنے کے اعلان اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی نے عالمی توانائی مارکیٹ کو متاثر کیا ہے۔ اس وقت آبنائے ہرمز عملی طور پر شدید دباؤ کا شکار ہے، تاہم پاکستان کی تیل سپلائی فجیرہ اور دیگر متبادل راستوں کے ذریعے جاری ہے، اس لیے فوری طور پر سپلائی میں کسی بڑے تعطل کا خدشہ نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت عالمی حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ ملک میں ایندھن کی دستیابی برقرار رہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ توانائی کے محتاط استعمال کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ ملکی وسائل پر دباؤ کم کیا جا سکے اور ممکنہ بحران سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔