ہفتہ، 15-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کا طریقہ بدلنے کی تجویز، وزیراعظم کو نئی سمری ارسال

15 اگست, 2026 12:26

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل اور قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کو نئی سمری ارسال کردی گئی ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا موجودہ طریقہ کار تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ان کے مطابق مشرق وسطیٰ کی جنگی صورتحال میں کمی کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دوبارہ پہلے کی طرح ہر 7 یا 15 روز بعد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ قیمتوں کے تعین کے سابقہ نظام کی بحالی سے عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات کو زیادہ بہتر انداز میں منظم کیا جاسکے گا۔

دوسری جانب حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں ڈیلرز مارجن بڑھانے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر ڈیلرز مارجن میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہر ایک مصنوعات پر ڈیلرز مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہوجائے گا۔

اس سے قبل پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر ڈیلرز مارجن 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر تھا۔ یوں دونوں مصنوعات پر مجموعی طور پر فی لیٹر 2 روپے 68 پیسے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے سابقہ 7 یا 15 روزہ نظام بحال کرنا صارفین اور مارکیٹ دونوں کے لیے زیادہ موزوں ہوسکتا ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ قیمتوں کے تعین کے دورانیے میں تبدیلی سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کو مرحلہ وار صارفین تک منتقل کرنے میں مدد ملے گی اور مارکیٹ میں قیمتوں کے غیر ضروری اتار چڑھاؤ کو بھی بہتر انداز میں منظم کیا جاسکے گا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔