جمعہ، 14-اگست،2026
جمعہ 1448/03/01هـ (14-08-2026م)

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت گر گئی، سرمایہ کاروں نے منافع سمیٹنا شروع کردیا

14 اگست, 2026 12:03

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، حالیہ تیزی کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع سمیٹنے کے باعث قیمتی دھات کی قیمت پر دباؤ دیکھا جارہا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.5 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 4 ہزار 326.75 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگئی۔

دسمبر کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز بھی تقریباً ایک فیصد کمی کے بعد 4 ہزار 382.50 ڈالر فی اونس پر آگئے۔

سونے کی قیمت جمعرات کو 5 جون کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، تاہم اس کے بعد مارکیٹ میں منافع لینے کا رجحان غالب آیا اور قیمت میں 1.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔ اسپاٹ چاندی کی قیمت 0.4 فیصد کم ہوکر 64.17 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ پلاٹینم کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے بعد 1,711.84 ڈالر فی اونس پر آگئی۔ دوسری جانب پیلیڈیم 1,306.98 ڈالر فی اونس پر مستحکم رہا۔

مارکیٹ ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں حالیہ تیزی کے بعد بعض سرمایہ کاروں نے منافع حاصل کرنا شروع کردیا ہے، جس کے باعث قیمت میں دباؤ پیدا ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال سونے کی قیمت میں فوری طور پر مزید نمایاں اضافے کے لیے کوئی بڑا محرک بھی موجود نہیں۔

دوسری جانب امریکی مہنگائی کے نسبتاً نرم اعداد و شمار نے بھی عالمی مارکیٹ کے رجحان کو متاثر کیا ہے۔ جولائی میں امریکی پروڈیوسر قیمتوں میں کوئی اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا، جبکہ صارفین کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ سامنے آیا۔

عالمی سرمایہ کار اب امریکی معاشی اعداد و شمار اور مرکزی بینک کی آئندہ پالیسیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جن کا اثر آنے والے دنوں میں سونے سمیت دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں پر پڑ سکتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔