جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کااعلان

20 جولائی, 2026 11:41

پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کے لیے کمرشل اور تعمیراتی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 محکمہ ماحولیات نے واضح کیا ہے کہ مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے گاڑیوں کے مالکان اور ٹرانسپورٹرز کو آخری موقع دیتے ہوئے سات روز کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی گاڑیوں کی فٹنس بہتر بنا سکیں۔

محکمہ ماحولیات پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل موسیٰ رضا نے جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ اور سگیاں انٹری پوائنٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر لاہور میں داخل ہونے والی کمرشل گاڑیوں کی چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیادہ دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کو فوری نوٹس جاری کیے جائیں تاکہ مقررہ مدت کے اندر گاڑیوں کی مرمت اور فٹنس مکمل کی جا سکے۔

حکام کے مطابق سات روز کی مہلت ختم ہونے کے بعد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ اس مہم میں صرف ٹرک اور بسیں ہی نہیں بلکہ صنعتی اداروں کی ٹرانسپورٹ، کوریئر کمپنیوں کی گاڑیاں، ڈیلیوری وینز، بیکری سپلائی گاڑیاں اور روزانہ لاہور میں داخل ہونے والی تمام کمرشل گاڑیاں بھی شامل ہوں گی۔

محکمہ ماحولیات نے تعمیراتی سامان کی ترسیل کرنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں کے لیے بھی نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ ریت، مٹی، بجری اور دیگر تعمیراتی سامان لے جانے والی ہر گاڑی کو سامان مکمل طور پر ڈھانپ کر لانا ہوگا۔ متعلقہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اگر کوئی گاڑی مقررہ قواعد کی خلاف ورزی کرتی پائی گئی تو اس کا سامان موقع پر ضبط کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی کو تین روز کے لیے بند کیا جائے گا اور ذمہ دار افراد پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ محکمہ ماحولیات کا مؤقف ہے کہ ان اقدامات کا مقصد سڑکوں پر گردوغبار اور فضائی آلودگی میں نمایاں کمی لانا ہے۔

ڈی جی ماحولیات موسیٰ رضا نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو صاف اور بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ سموگ اور فضائی آلودگی کے خلاف مہم میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔