منگل، 30-جون،2026
منگل 1448/01/15هـ (30-06-2026م)

خیبر پختونخوا؛ 50 ہزار طلبا کیلئے 5 لاکھ روپے تک بلا سود قرضوں کا اعلان

29 جون, 2026 10:18

خیبر پختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال میں طلبا کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

 صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت 50 ہزار طلبا کو تعلیم اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے پانچ لاکھ روپے تک کے بلا سود قرضے فراہم کرے گی۔ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو مالی مشکلات سے نکال کر تعلیم اور خود روزگار کے بہتر مواقع دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ نگراں حکومت کے دور میں یونیورسٹیوں کے لیے صرف 0.9 ملین روپے مختص کیے گئے تھے، جبکہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا۔ اب یہ بجٹ بڑھا کر 50 ارب روپے کر دیا گیا ہے تاکہ جامعات اور طلبا کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مینا خان آفریدی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے دوران صرف قرضوں کی فراہمی ہی نہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت 20 ہزار نئے گریجویٹس اور طلبا کو ماہانہ 25 ہزار روپے اعزازیہ کے ساتھ انٹرن شپ کا موقع دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو جبری رخصت پر بھیجنے کے معاملے پر بھی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل یونیورسٹی میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ اس معاملے پر اسمبلی میں بھی سوالات اٹھائے گئے، جس کے بعد شفاف تحقیقات کے لیے وائس چانسلر کو جبری رخصت پر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جعلی ڈگریوں کا معاملہ بعد میں سامنے آیا، تاہم وائس چانسلر کو رخصت پر بھیجنے کا بنیادی سبب جعلی ڈگریاں نہیں بلکہ یونیورسٹی میں پیش آنے والا فائرنگ کا واقعہ تھا۔ حکومت کا مقصد معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروانا اور حقائق سامنے لانا ہے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔