جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

جامعہ کراچی میں طلبہ تصادم کا معاملہ، تحقیقات کے لیے 5 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

10 جولائی, 2026 13:51

کراچی: جامعہ کراچی میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان ہونے والے تصادم کے واقعے کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت نے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

وزیر جامعات و بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو کی ہدایت پر قائم کی گئی پانچ رکنی کمیٹی واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور ذمہ دار افراد اور گروہوں کا تعین کرے گی۔

کمیٹی کی سربراہی ڈاکٹر حسین مہدی، وائس چانسلر شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کریں گے، جبکہ دیگر اراکین میں ڈاکٹر غضنفر، ڈاکٹر سرفراز میتلو، پروفیسر ڈاکٹر انتخاب الفت اور پروفیسر ڈاکٹر نائمہ سعید شامل ہیں۔

شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے تعین کی ہدایت

وزیر جامعات سندھ نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔ اس کے علاوہ انتظامی اور سیکیورٹی غفلت کا بھی جائزہ لیا جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لیے سفارشات پیش کی جائیں۔

محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ حکومت جامعات میں پرامن، محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی تشدد، بدامنی یا قانون شکنی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

15 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم

انکوائری کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 روز کے اندر اپنی رپورٹ سفارشات سمیت محکمہ جامعات و بورڈز سندھ کو پیش کرے۔

دوسری جانب جامعہ کراچی اور تمام متعلقہ اداروں کو کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ واقعے کے حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔