جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر دی، 8 سال بعد ’بی‘ کیٹیگری میں واپسی

22 جولائی, 2026 16:47

عالمی ریٹنگ ادارے اسٹینڈرڈ اینڈ پورز (S&P) گلوبل نے پاکستان کی طویل مدتی کریڈٹ ریٹنگ کو ’B-‘ سے بڑھا کر ’B‘ کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان تقریباً 8 سال بعد دوبارہ ’B‘ کیٹیگری میں شامل ہو گیا ہے۔

ایس اینڈ پی گلوبل کے مطابق پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری مضبوط ادارہ جاتی صلاحیت، آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحات پر عملدرآمد، مالیاتی کارکردگی میں بہتری اور زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافے کے باعث کی گئی ہے۔

پاکستان آخری مرتبہ 31 اکتوبر 2016 سے 3 فروری 2019 تک ’B‘ کیٹیگری میں موجود تھا، جس کے بعد ملک کی ریٹنگ کم ہو گئی تھی۔

ریٹنگ ادارے نے پاکستان کے لیے مستحکم آؤٹ لک برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ جاری اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام کے اقدامات مستقبل میں اقتصادی ترقی کو سہارا دے سکتے ہیں۔

ایس اینڈ پی کی جانب سے ریٹنگ میں اضافہ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے عالمی اعتماد میں اضافے کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق بہتر کریڈٹ ریٹنگ سے پاکستان کے لیے عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی، سرمایہ کاری کے مواقع اور بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

حالیہ پیش رفت کے بعد پاکستان کی معاشی پالیسیوں، اصلاحاتی اقدامات اور مالیاتی استحکام کی کوششوں کو عالمی سطح پر مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔