این ای ڈی داخلہ ٹیسٹ کے نتائج، سندھ کے تعلیمی بورڈز کی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے

این ای ڈی یونیورسٹی کے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج نے سندھ کے مختلف تعلیمی بورڈز، خصوصاً اندرون سندھ کے بورڈز اور سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تعلیمی معیار اور امتحانی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
نتائج کے مطابق سندھ کے سرکاری تعلیمی بورڈز سے 70 سے 80 فیصد نمبر حاصل کرنے والے متعدد طلبہ این ای ڈی کے داخلہ ٹیسٹ میں کامیابی حاصل نہ کر سکے، جس کے بعد امتحانی نظام اور نمبروں کی شفافیت پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
داخلہ ٹیسٹ کے نتائج میں غیر ملکی بورڈز، کیمبرج، آغا خان ایجوکیشن بورڈ اور فیڈرل بورڈ کے طلبہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی بورڈز کے طلبہ کی کامیابی کا تناسب 95.65 فیصد رہا، جبکہ کیمبرج بورڈ کے 94.32 فیصد طلبہ داخلہ ٹیسٹ میں کامیاب ہوئے۔
اسی طرح آغا خان ایجوکیشن بورڈ کے طلبہ کی کامیابی کا تناسب 88.84 فیصد اور فیڈرل بورڈ کے طلبہ کی کامیابی 83.71 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
کراچی بورڈ کے طلبہ کی کامیابی کا تناسب 79.91 فیصد رہا، جبکہ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی کارکردگی سب سے کم رہی، جہاں صرف 13.95 فیصد طلبہ ہی داخلہ ٹیسٹ میں کامیاب ہو سکے۔
این ای ڈی داخلہ ٹیسٹ کے نتائج سامنے آنے کے بعد ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ تعلیمی بورڈز کے امتحانی نظام، مارکنگ کے معیار اور طلبہ کی علمی استعداد کا ازسرِنو جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











