ہیری پوٹر سیریز میں ایلبس ڈمبلڈور کا کردار ادا کرنے والے اداکار انتقال کرگئے

آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار سر مائیکل گیمبون 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
مائیکل گیمبون کو دنیا بھر میں ہیری پوٹر سیریز میں پروفیسر ایلبس ڈمبلڈور کا کردار ادا کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔
انہوں نے اس سیریز کی 8 میں سے 6 فلموں میں جادوئی اسکول کے ہیڈ ماسٹر کا کردار ادا کیا تھا۔
ہیری پوٹر سیریز کی اولین 2 فلموں میں یہ کردار رچرڈ ہیرس نے ادا کیا تھا جن کے انتقال کے بعد مائیکل گیمبون نے ان کی جگہ لی۔
یہ بھی پڑھیں: ہیری پوٹر میں ’ہیگرڈ‘ کا کردار نبھانے والے اداکار انتقال کرگئے
مائیکل گیمبون کی پیدائش آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں ہوئی تھی اور لندن کے رائل نیشنل تھیٹر سے انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا۔
5 دہائی طویل کیرئیر کے دوران ٹی وی، فلم، تھیٹر اور ریڈیو میں سرگرم رہے اور 4 بافٹا ایوارڈز بھی جیتے۔
ان کے خاندان کی جانب سے جاری بیان میں اداکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نمونیا کے شکار ہوئے تھے۔
نمونیا سے متاثر ہونے کے بعد وہ اسپتال میں زیرعلاج رہے، جہاں ان کا انتقال ہوا۔
ہیری پوٹر سیریز کے علاوہ انہیں ایک ٹی وی سیریز میں Jules Maigret نامی سراغرساں کا کردار ادا کرنے کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔
اداکاری کے شعبے میں ان کی خدمات پر انہیں 1998 میں سر کے اعزاز سے نوازا گیا۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












