اداکارہ مومنہ اقبال کیس: ثاقب چڈھر اور اہلیہ کی ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع

لاہور کی سیشن کورٹ نے اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے کیس میں رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کر دی۔
لاہور کی ایڈیشنل اینڈ سیشن کورٹ میں معروف اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے کی اہم سماعت ہوئی ہے۔
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نصرت علی صدیقی نے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت پر سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیں : سیاسی و شوبز تنازعہ، مومنہ اقبال کے الزامات پر لیگی رہنما نے خاموشی توڑ دی
سماعت کے دوران ملزم ثاقب چڈھر اپنی اہلیہ سمیرا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں کیس کی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ثاقب چڈھر کی اہلیہ سمیرا ابھی تک قانون کے مطابق شامل تفتیش نہیں ہوئی ہیں۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کے موبائل فونز فرانزک لیبارٹری بھجوائے جا چکے ہیں اور مقدمے کی تفتیش کو مکمل کرنے کے لیے پولیس کو مزید وقت درکار ہے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ملزمہ سمیرا کو شامل تفتیش ہونے کا ایک اور آخری موقع فراہم کیا اور دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے سماعت عارضی طور پر ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ (این سی سی آئی اے) نے اداکارہ مومنہ اقبال کی مدعیت میں ان ملزمان کے خلاف ہراساں کرنے کا یہ مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











