اکتوبر میں ہونے والا الیکشن چاروں صوبوں میں ہوگا : خرم دستگیر

اسلام آباد : وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ 2023 کے انتخابات 2018 ہی طرح نہیں ہونے چاہئیں، اکتوبر میں ہونے والا الیکشن چاروں صوبوں میں ہوگا۔
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اس وقت ملک میں ایک آئینی اور معاشی بحران جاری ہے۔ نواز شریف کی نااہلی سے شروع ہونے والی سیاست میں غیر آئینی مداخلت اس بحران کا سبب ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران دور میں سیاسی مخالفین کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ 2018 کے انتخابات میں بدترین دھاندلی کے نتیجے پی ٹی آئی حکومت قائم ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کو ٹارگٹ کیا گیا۔ سینیٹ انتخابات میں سپریم کورٹ کے حکم پر ہمارے اُمیدواروں سے انتخابی نشان تک چھین لیا گیا۔ 2023 کے انتخابات 2018 ہی طرح نہیں ہونے چاہئیں۔ جو زہریلی فصل بوئی گئی وہ آج ہم کاٹ رہے ہیں۔ انتخابات صاف، شفاف اور غیر آئینی مداخلت سے پاک ہونے چاہئیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بیک وقت چار صوبوں میں انتخابات کی قرارداد دونوں ایوانوں نے پاس کی ہے۔ سینیٹ میں اس قرارداد کا پاس ہونا معنی خیز ہے۔ ہم ڈسکہ جیسے الیکشن نہیں چاہتے۔ ایسا الیکشن چاہتے ہیں جو ملک کو آگے لے کر جائے۔
لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ عوام کی رائے سے ہی مرکز اور چاروں صوبوں میں حکومتیں قائم ہوں گی۔ اگر پنجاب میں الیکشن پہلے ہوجاتا ہے تو عام انتخابات پر گہرا اثر پڑے گا۔ اکتوبر میں ہونے والا الیکشن چاروں صوبوں میں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : سینیٹ میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت کرانے کی قرارداد منظور
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے حقیقی معنوں میں نمائندہ حکومتیں قائم ہوں۔ آج پارلیمان جو فیصلے کررہی ہے، اس کے پیچھے عوام کے ووٹ کی دو تہائی طاقت ہے۔ کوشش ہے انتخابات صاف شفاف ہوں، جس پر کسی کو اعتراض نہ ہو۔ چاروں صوبوں میں ایک ساتھ الیکشن ہوگا۔ نئی مردم شماری پر حلقہ بندیاں ہوں اور اسی پر الیکشن ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ ایک شخص کے فیصلوں پر انحصار نہیں کر سکتی۔ ججز نے کہا ون مین شو فرسودہ ہوچکا ہے۔ معاملہ حل کرنے کیلئے سپریم کورٹ کے تمام ججز کو بیٹھنا چاہیے۔
لیگی رہنماء نے کہا کہ وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ فل کورٹ بیٹھتا ہے تو اس کا فیصلہ مانیں گے۔ ججز نے قانونی مہارت استعمال کرتے ہوئی اہم الفاظ کا استعمال کیا۔ استدعا ہے عدالت کو بھی اپنے معاملات میں شفافیت لانا ہوگی اور اختیارات ایک دائرہ اختیار میں رہ کر استعمال کیئے جائیں۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ یہ نہیں کہ فیصلہ ہمارے حق میں ہو۔ 2023 کے انتخابات میں سب کو برابری کی بنیاد پر موقع ملنا چاہیے۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












