احتجاج کے نام پر دہشتگردی کرنے والوں کو کوئی معافی نہیں ملے گی: رانا ثنااللہ

باغ: رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ بغاوت اور سرکشی کو سیاسی احتجاج کا نام دے کر معاف نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے دفاعی تنصیبات پر یلغار، شہدا کی بے حرمتی کی، ان کو حساب دینا ہوگا اس کی کوئی معافی نہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کو بحران سے ن لیگ اور نواز شریف نے نکالا، پاکستان میں روز دہشت گردی ہوتی تھی، لوگ کہتے تھے سوات تک آگئے ہیں، اسلام آباد تھوڑی دور ہے، دہشت گردی دروازے پر دستک دے رہی تھی، پاکستان میں لوڈشیڈنگ ختم ہوئی، دہشت گردی کا قلع قمع کیا گیا، 4 سال میں پاکستان سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اس فتنے کا قوم نے ادراک نہ کیا تو یہ قوم کو کسی حادثے سے دور چار کردے گا، 2014 میں اس فتنے نے اسلام آباد پر چڑھائی کی 126 دن کا دھرنا دیا، اس فتنے نے سول نافرمانی کی، بل جلائے، کہا بل بھرنا بند کردیں، ایک بابا رحمتے جو بابا زحمت ثابت ہوا اور اب چھپتا پھر رہا ہے، وہ کسی شادی میں جائے تو کوئی ہاتھ ملانے کو تیار نہیں، بابار رحمتے نے سازش کی اور نواز شریف کو نااہل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق کے قتل کا ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی ہے: عطا تارڑ
ان کا کہنا تھا کہ اشتہاری کو ملک پر مسلط کرایا گیا، نواز شریف نے آپ کو مالی اور اختیاری طور پر خود مختار بنایا، آپ کے تمام بڑے پروجیکٹ نواز شریف دور میں بنائے گئے، ساڑھے 3 سالوں میں اپوزیشن کیخلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، یہ صرف بھاشن دیتا ہے، 2018 میں اس شخص کے گناہوں پر پردہ ڈالا گیا، آرٹی ایس بٹھا کر عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس شخص نے ملک میں نفرت اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، اس شخص نے اپوزیشن کو ختم کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا، اس نے کہا تھا میں 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دوں گا، کہاں ہیں 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں؟، القادر ٹرسٹ کے نام پر پراپرٹی حاصل کی گئی، قوم کو 60ارب روپے کا ٹیکہ لگایا گیا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں گالی گلوچ فورس کو ٹرینڈ کیا گیا، گرفتاری کے بعد طے شدہ منصوبے کے مطابق ریاست پر حملہ کیا گیا، فوج پر حملہ کرکے کہا گیا یہ ہمارا سیاسی احتجاج ہے، بغاوت اور سرکشی کو سیاسی احتجاج کا نام دے کر معاف نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے دفاعی تنصیبات پر یلغار، شہدا کی بے حرمتی کی، شہدا کے مجسموں کو جلایا گیا کہا گیا یہ ہمارا سیاسی احتجاج تھا، ان کو حساب دینا ہوگا اس کی کوئی معافی نہیں۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











