دہشتگردی کا خطرہ، پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ میں تحفظ فراہم کیا جائے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ بھارت خود پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے، ہماری کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈکپ میں بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے، سازگار ماحول پیدا کرنا بھارتی حکومت کی ذمے داری ہے۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اور جی سی سی کے درمیان مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوئے ہیں، فریقین کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے پر پیش رفت ہوئی، پاکستان نے جینوا میں او آئی سی گروپ کے ساتھ مل کر نفرت، منافرت اور امتیاز کے خاتمے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ ماہ میں 13 کشمیریوں کو قتل کیا گیا، یہ مظالم جنیوا کنونشن، اقوام متحدہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے خلاف مسلسل پروپیگنڈے میں ملوث ہے، بھارت خود پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے، ہماری کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈکپ میں بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے، سازگار ماحول پیدا کرنا بھارتی حکومت کی ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے خلاف نہیں بلکہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال کے خلاف ہے، پاکستان کی افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، پاکستان نے لاکھوں مہاجرین کی کھلے دل سے برسوں میزبانی کی ہے، پاکستان افغان مہاجرین کے خلاف نہیں بلکہ غیر قانونی مہاجرین کے خلاف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں دہشت گردی : افغان دہشت گردوں کے خلاف حتمی آپریشن کا آغاز
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان مہاجرین سمیت تمام غیرقانونی رہائش پذیر باشندوں کے خلاف کارروائی کررہا ہے، کسی خاص شہریت کے خلاف نہیں ہیں، پاکستان اس حوالے سے افغان عبوری حکومت کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گا، پاکستان اور افغان وزرائے خارجہ کی تبت میں بین الاقوامی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ملاقات ہوگی، جس میں دوطرفہ معاملات پر خصوصی گفتگو کی جائے گی۔
ملک میں انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی الیکشن مبصرین کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے خط لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تعاون کرے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










