دہشتگردوں کے سہولتکاروں اور حوصلہ افزائی کرنیوالے عناصر سے نمٹا جائیگا: پاک فوج

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے دہشتگردوں سے طاقت سے نمٹنے کے عزم اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر سے نمٹنے کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 82 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکا نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے بھارت کے کشمیریوں پر جاری جبرو استبداد پر تشویش کا اظہار کیا، شرکاء کی بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔
فورم نے اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا دائمہ حل صرف یو این قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ہے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ریاست کے سوا کسی بھی ادارے یا گروہ کا طاقت کا استعمال، مسلح کارروائی ناقابل قبول ہے: آرمی چیف
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان فلسطینی عوام کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے، ایسی فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس شریف ہے۔
فورم نے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے دہشتگردوں سے طاقت سے نمٹنے کے عزم اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر سے نمٹنے کا اعادہ کیا۔
فورم نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ گزشتہ کچھ مہینوں میں پاکستان میں اضطراب اور غیریقینی صورتحال میں کمی ہوئی، درپیش چیلنجز کے باوجود چند ماہ میں امید، اعتماد اور استحکام میں اضافہ نظر آیا، ذاتی مقاصد کیلئے مایوسی پیدا کرنے والے عناصر کی کوششیں ناکام ہوں گی، مثبت اقدامات سے پاکستانی عوام مخصوص عناصر کو شکست دیں گے۔
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ فوج پائیدار استحکام، سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع، خدمت جاری رکھے گی، غیور پاکستانی عوام پر عزم اور متحد رہیں۔
شرکاء نے معیشت کی پائیدار بحالی، انسداد اسمگلنگ و ذخیرہ اندوزی کیخلاف اقدامات کی حمایت کی، بجلی چوری، ون ڈاکومنٹ رجیم کا نفاذ، غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کی بھی حمایت کی اور قومی ڈیٹابیس کی حفاظت سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کی بھی حمایت کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اُبھرتے خطرات سے نمٹنے کیلئے فارمیشنز کی آپریشل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









