الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل، پی ٹی آئی کا انتخابی نشان ‘بلا’ بحال

پشاور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی انٹرا پارٹی انتخابات اور بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا ہے، جس کے بعد پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس مل گیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دینے اور بلے کا نشان واپس لینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا ہے۔
عدالت نے کہا فروری میں الیکشن ہونے جارہے ہیں، انتخابی نشان الاٹ کرنے کیلئے آخری تاریخ 13 جنوری ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔
وکیل پی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفر نے دلائل پیش کیے کہ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دیے، اب ہم الیکشن میں بطور پارٹی حصہ نہیں لے سکتے، انتخابی نشان سیاسی پارٹی کی پہنچان ہوتا ہے، سپریم کورٹ نے بھی انتخابی نشان کیس میں فیصلہ دیا، آرٹیکل 17 کی خلاف ورزی ہے، آرٹیکل 17 تنظیم سازی کا کہتا ہے، آرٹیکل 17 کہتا ہے ہر شہری تنظیم بناسکتا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے صرف انتخابات پر سوال نہیں اٹھایا، جس پر جسٹس کامران حیات نے کہا کہ میں نے فیصلہ نہیں پڑھا، کیا صرف یہی لکھا ہے الیکشن کرانے والے کی تعیناتی غلط ہے، بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ بالکل الیکشن کمیشن نے یہی لکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرا پارٹی انتخابات: پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ انتخابات کالعدم قرار دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس نہیں، انتخابی نشان ایک بنیادی حق ہے جو ہم سے لے لیا گیا، الیکشن کمیشن کے پاس انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کا اختیار ہی نہیں، الیکشن کمیشن پارٹی میں تعیناتیوں پر سوال نہیں اٹھا سکتا۔
وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ آئین اور الیکشن رولز میں الیکشن کمیشن کے اس اختیار کا کوئی ذکر نہیں، قانون کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کرائے اور الیکشن کمیشن کو تفصیلات فراہم کی، الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد پارٹی سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا، انٹرا پارٹی انتخابات پر انتخابی نشان بھی واپسی نہیں لیا جاسکتا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے چند روز قبل اپنے فیصلے میں پی ٹی آئی انٹر اپارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انتخابی نشان بلا بھی واپس لے لیا تھا، جس کے خلاف پی ٹی آئی نے آج پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور آج ہی سماعت کی استدعا کی تھی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









