آسان کاروبار پروگرام کا اجرا، ملک اب انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا، مریم نواز

صوبائی حکومت کا ’پنجاب ڈیولپمنٹ پروگرام‘ نافذ کرنے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اب انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، لہٰذا نوجوان جلاؤ گھیراؤ کے بجائے ملک کا ساتھ دیں۔
آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار کارڈ کی تقسیم کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ آسان کاروبار کارڈ کے تحت بلاسود 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک قرضے دیئے جا رہے ہیں، پروگرام کے تحت ملنے والے قرضے کی 3 سال میں آسان اقساط پر واپسی ہوگی۔
مریم نواز نے چیک وصول کرنے والوں سے ان کے کاروبار کی تفصیلات معلوم کیں اور کہا کہ قرضے آپ کو ملے ہیں خوشی مجھے ہو رہی ہے، نواز شریف کی بیٹی آج ایک اور وعدہ پورا کرنے جا رہی ہے، اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اسکیم لانچ بعد میں ہوتی ہے ہم گراؤنڈ پر پہلے لاتے ہیں، 17 جنوری کو یہ پروگرام لانچ ہوا تھا اور درخواستیں مانگی گئی تھیں، ہم ایک ماہ کے اندر پہلے قرضے دینے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرض سکیم ہے، آپ کو کارڈ پر قرضہ دیا جا رہا ہے، کوئی لمبی چوڑی معلومات نہیں مانگی۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں روزگار پیدا کرنا آسان کام نہیں، پرائیویٹ سیکٹر کو سپورٹ کرنا بہت ضروری ہے، پچھلے 7 سے 8 سال کی بیمار معیشت کے بعد معاشی استحکام آیا ہے، جب ٹیک اوور کیا تو مہنگائی 38 فیصد پر تھی آج 4 فیصد سے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام صوبوں سے آٹا سستا ہے، کوشش کرتی ہوں غریب کیلئے آٹا اور روٹی مہنگی نہ ہو، پنجاب میں روٹی آج بھی 12 روپے کی ہے۔
دوران خطاب وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لوگوں کو سمجھ نہیں آتی کہ اپنا پیٹ پالیں یا بچوں کو پڑھائیں، میکرواکنامک انڈیکیٹر بہتر ہورہے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ میرے پاس 1 لاکھ 85 ہزار درخواستیں 10 لاکھ قرض کیلئے آئی ہیں، تقریباً71 ہزار درخواستیں 3 کروڑ روپے کے قرضے کیلئے آئی ہیں، جب ان کو قرضہ دستیاب ہوگا تو دنوں میں ترقی کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لوگ جو مرضی کہتے رہیں سب کو سمجھ آگئی ہے کہ پاکستان ٹیک آف پوزیشن پر کھڑا ہے، لوگ کہتے رہیں باہر نکلو، جلاؤ گھیراؤ کرو، پنجاب سے ایک بندہ باہر نہیں نکلا، خیبرپختونخوا میں بھی صرف سرکاری ملازمین باہر نکلے تھے، لوگ جلاؤ گھیراؤ سے تنگ آگئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، رمضان میں مفت پلاٹ دیں گے، پنجاب کی 35 لاکھ فیملیز کو فی گھر 10 ہزار ملے گا، رمضان میں 50 ہزار سے کم آمدنی والے گھرانوں کو 10 ہزار ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے جرم کیا اسے سزا مل رہی ہے، کوئی اگر اڈیالہ میں اچھا کھانا کھا رہا ہے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں، ملک اب انتشار، جلاؤ گھیراؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا، نوجوان جلاؤ، گھیراؤ کے بجائے ملک کا ساتھ دیں، بیانیہ ایک ہی ہونا چاہیے ملک کی ترقی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کہا جا رہا ہے یہ بیانیے کا دور ہے، کارکردگی کا نہیں، خالی تقریروں سے کسی کا پیٹ نہیں بھرتا، شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں، کئی سال بعد چمپینز ٹرافی اور ہارس اینڈ کیٹل شو ہو رہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










