کراچی میں کھلے مین ہول نے ایک اور بچے کی جان لے لی

کراچی میں کھلے مین ہول نے ایک اور بچے کی جان لے لی
کراچی میں کھلے مین ہول نے ایک اور بچے کی جان لے لی ہے۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث ایک معصوم بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ یہ واقعہ حسن بروہی گوٹھ میں پیش آیا، جہاں 3 سالہ اسداللہ بن محمد فیصل کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گر گیا۔
بچے کی والدہ نے جب اسے گھر میں نہیں پایا تو اس کی تلاش شروع کی۔ تلاش کے دوران مین ہول میں جھانکنے پر پتا چلا کہ بچہ اس میں گر چکا ہے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر واقعے کے مقام پر پہنچیں، لیکن بچے کو زندہ نہیں بچایا جاسکا۔ ریسکیو حکام نے بچے کی لاش کو گٹر سے نکال کر جناح اسپتال منتقل کردیا، جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل کی گئی۔
پولیس کے مطابق بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک کھلے مین ہول میں گر گیا۔ بچے کے والد نے صفائی کے لیے خاکروب کو بلایا تھا، لیکن خاکروب صفائی کے بعد مین ہول کو کھلا چھوڑ کر چلا گیا۔ خاکروب کے جانے کے بعد بچہ کھیلتے ہوئے مین ہول میں گر گیا۔ اسداللہ 6 بہن بھائیوں میں سے چوتھے نمبر پر تھا۔
یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جب کراچی میں کھلے مین ہولز کے باعث معصوم بچوں کی جانیں گئی ہیں۔ گزشتہ ماہ جنوری میں شاہ فیصل کالونی کے قریب 8 سالہ بچہ بھی مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










