جمعرات، 11-جون،2026
جمعرات 1447/12/25هـ (11-06-2026م)

سندھ حکومت تعلیم میں سرمایہ کاری کے لیے پُرعزم ہے، وزیراعلیٰ سندھ

25 فروری, 2025 11:58

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت تعلیم میں سرمایہ کاری کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے سکھر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اروڑ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام تعلیم میں بہتری کیلیے سندھ حکومت کوشش کررہی ہے، 2011 میں وفاق نے جامعات کے فنڈز منجمد کیے، ہم نے تعاون جاری رکھا، حکومت سندھ نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں بھٹو اسکالرشپ پروگرم شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے تعلیم کیلیے بہترین ادارے قائم کیے، ڈھائی سال قبل اروڑ یونیورسٹی کا قیام ایک خواب تھا، آج یہ خواب تیزی سے حقیقت میں بدل رہا ہے، اروڑ یونیورسٹی مختصر عرصے میں تعلیمی معیار اور تخلیقی اظہار کی علامت بن چکی ہے، آج اروڑ یونیورسٹی نے اہم سنگ میل کو عبور کیا ہے، آڈیٹوریم اور ہاسٹلزکی سہولیات صرف عمارتیں نہیں بلکہ ایک بڑے وژن کا حصہ ہیں، یہ سہولیات تعلیمی ماحول کی بہتری، تحفظ اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے اہم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت طلبہ کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، اروڑ یونیورسٹی نے قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کی ہے، طلبہ کو تعلیمی تبادلے، تحقیق کی سہولیات، اور عالمی سطح پر مقابلے کی تیاری کے مواقع مل رہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ چئیرمین بلاول کی قیادت میں سندھ حکومت نے تعلیم کو اولین ترجیح دی ہے، چیئرمین بلاول کی رہنمائی میں تعلیمی اداروں کو مزید مستحکم اور جدید بنا رہے ہیں، سندھ حکومت تعلیم میں سرمایہ کاری کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری اور تمام طلبہ کو مساوی مواقع فراہم کرنے پر توجہ ہے، سندھ حکومت اروڑ یونیورسٹی کو ہر ممکن وسائل اور مدد فراہم کرے گی، طلبہ کو جدید سہولیات کی فراہمی کےلیے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔

انہوں نے اروڑ یونیورسٹی سکھر کے وائس چانسلر، ان کی ٹیم کو کامیابیوں پر مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ اروڑ یونیورسٹی کے طلبہ مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، پاکستان کا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔