جمعرات، 11-جون،2026
جمعرات 1447/12/25هـ (11-06-2026م)

ازبکستان پاکستان کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے، دونوں ممالک کی ترقی ہمارا مشترکہ عزم ہے؛ وزیراعظم

26 فروری, 2025 13:47

تاشقند: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ازبکستان پاکستان کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے، دونوں ممالک کی ترقی ہمارا مشترکہ عزم ہے۔

پاکستان اور ازبکستان میں مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط کی تقریب ہوئی، وزیر اعظم شہباز شریف اور ازبک صدر شوکت مرزا یوف تقریب میں موجود تھے۔

دونوں ممالک میں معلومات کے تبادلے کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا، پاکستان اور ازبکستان میں نوجوانوں کے امور سے متعلق بھی ایم او یو کا تبادلہ ہوا۔

دونوں ممالک میں سفارتی پاسپورٹس سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا جبکہ پاکستان اور ازبکستان میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔

صدر ازبکستان شوکت مرزا یوف کا تقریب سے خطاب

صدر ازبکستان شوکت مرزا یوف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو خوش آمدید کہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مفید گفتگو ہوئی، روشن مستقبل کیلئے دونوں ممالک کی گفتگو اور معاہدے بہت اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اور مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے گا، خوشحال مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات میں اضافہ ہورہا ہے، لاہور اور تاشقند کے درمیان پروازیں دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ممتاز کاروباری کمپنیاں دورہ تاشقند پر ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف  معاشی گروتھ کیلئے بھی کام کررہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا، علاقائی و عالمی فورمز پر ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا تقریب سے خطاب

وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دورہ ازبکستان کے دوران بہترین میزبانی کا مشکور ہوں، والہانہ استقبال پر ازبک صدر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مضبوط روابط قائم ہیں، پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات کی طویل تاریخ ہے، دونوں ممالک کے تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری، تجارت میں اضافہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، ازبکستان پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے، دونوں ممالک کی خوشحالی، ترقی ہمارا مشترکہ عزم ہے، ازبکستان کے صدر عملی اقدام پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے پر عزم ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دیے ہوئے ترقی کے ویژن پر گامزن ہوں، انتھک محنت، پختہ عزم سے ہی ترقی کا سفر طے کیا جاسکتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں تک لے جائیں گے، طویل ترین سفر کا آغاز پہلے قدم سے ہوتا ہے جو ہم نے اٹھالیا، ایک سال میں پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 38 سے 2.4 فیصد پر لے آئے، پالیسی ریٹ میں کمی سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، معاشی شرح نمو میں اضافہ ہورہا ہے، ازبکستان کے ترقیاتی ماڈل سے مستفید ہوں گے، انتھک محنت سے پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا، خطے کی ترقی  کے لیے مستحکم افغانستان ضروری ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ افغان سرزمین دوسرے ملک کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے، ازبکستان کو کراچی اور لاہور سے منسلک کریں گے، ریلوے کے ذریعے تجارت اہمیت کی حامل ہے، اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کو ممکن بنائیں گے، سیاحت کے شعبے میں بھی ملکر کام کریں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔