جمعرات، 11-جون،2026
بدھ 1447/12/24هـ (10-06-2026م)

برطانیہ اور امریکا جانے والے پاکستانیوں کیلئے اہم خبر آگئی

27 فروری, 2025 10:29

برطانیہ اور امریکا جانے والے پاکستانیوں کیلئے اہم خبر آگئی ہے۔

قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی برطانیہ اور امریکا کے لیے براہ راست پروازیں جلد بحال ہونے کا امکان ہے۔ پاکستانی حکومت نے اس سلسلے میں سفارتی کوششوں کو تیز کر دیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، اور جون 2025 تک برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہو سکتی ہیں۔

 اسی طرح امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے ساتھ بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔ امریکی ماہرین کی ایک ٹیم اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کی فزیبیلٹی کا جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ یورپی یونین نے دسمبر 2024 میں پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی ہٹا دی تھی، جس کے بعد جنوری 2025 میں چار سال کے وقفے کے بعد قومی ایئرلائن کی یورپ کے لیے پروازیں بحال ہوئی تھیں۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ دور میں ایک وزیر کے متنازع بیان کی وجہ سے پی آئی اے کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ بیان میں پائلٹس کے تعلیمی اسناد اور لائسنسز کو مشکوک قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد یورپی یونین اور برطانیہ نے پی آئی اے کی پروازیں معطل کر دی تھیں۔

 اس کے علاوہ امریکی ایوی ایشن انتظامیہ نے پاکستان کی سیفٹی ریٹنگ کو ڈاؤن گریڈ کر دیا تھا۔ اس بیان کے نتیجے میں پی آئی اے کے 150 پائلٹس کو گراونڈ کر دیا گیا تھا، جس سے بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس کو پیشہ ورانہ اور مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دور میں خلیجی اور عرب اماراتی ایئرلائنز کو دوطرفہ معاہدوں سے بڑھ کر سہولیات دی گئیں، جس کی وجہ سے پی آئی اے کو مسافروں اور کارگو کے حوالے سے بھاری نقصانات اٹھانے پڑے۔ غیر ملکی ایئرلائنز کے مارکیٹ شیئر میں اضافے کے باعث پی آئی اے کا مارکیٹ شیئر 50 فیصد سے گر کر 20 فیصد تک آ گیا۔

 اس کے علاوہ پی آئی اے کے ذمہ واجبات 740 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں، جن میں سپلائرز کے واجبات، فیول چارجز اور حکومت کے گارنٹی شدہ قرضے شامل ہیں۔

حکام کے مطابق، پی آئی اے کے پائلٹس کی ازسرنو تشخیص کی گئی ہے، اور اب قومی ایئرلائن کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

برطانیہ اور امریکا کے ساتھ پروازوں کے بحال ہونے سے نہ صرف پی آئی اے کے مالی حالات میں بہتری آئے گی، بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی سفر کے حوالے سے سہولت میسر آئے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔