جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، آرمی چیف

06 مارچ, 2025 17:50

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار نے بنوں چھاؤنی پر خوارج کے ناکام دہشت گرد حملے کے بعد خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران جنرل عاصم منیر کو جاری آپریشنز اور علاقے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

جنرل عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) بنوں کا بھی دورہ کرکے زخمی فوجیوں کی خیریت دریافت کی اور ان کی غیر متزلزل لگن کا اعتراف کیا۔

آرمی چیف نے فوجیوں کے بلند حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے اعادہ کیا کہ پاک فوج ریاست کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردی کے خلاف کردار ادا کرتی رہے گی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی کے گھناؤنے اور بزدلانہ واقعے میں جانیں گنوانے والے معصوم شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ واقعہ کے مجرموں کو بہادر فوجیوں نے فوری طور پر بے اثر کر دیا۔

سپہ سالار کا کہنا تھا کہ اس گھناؤنے حملے کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔

جنرل عاصم نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں، خواتین اور بوڑھوں سمیت شہریوں کو وحشیانہ نشانہ بنانے سے خوارج کے اسلام کے دشمنوں کے حقیقی عزائم بے نقاب ہو گئے۔

آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد ناگزیر ہے، مسلح افواج پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

دورے کے دوران فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے سپہ سالار نے حملہ آوروں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں سکیورٹی فورسز کے تیز اور فیصلہ کن ردعمل کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے بہادرانہ اقدامات کو سراہا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر کی ایماء پر کام کرنے والے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ فتنہ الخوارج سمیت دہشت گرد گروہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین سے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، حالیہ دہشت گرد حملوں میں غیر ملکی ہتھیاروں اور آلات کا استعمال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغانستان ایسے عناصر کی محفوظ پناہ گاہ بنا ہوا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔