سردی کی شدت میں مزید اضافہ؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

The Meteorological Department has sounded an alarm for the public.
ملک کے مختلف حصوں میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں سردی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ سرد موسم کے ساتھ ساتھ دھند اور فضائی آلودگی نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ سردی کی لہر 18 جنوری تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 98 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث سردی کا احساس مزید بڑھ گیا ہے، جبکہ تقریباً 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔
لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔ شہر میں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 189 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
شہرِ قائد کراچی میں بھی سرد ہواؤں کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ دو سے تین روز سے شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں کراچی کے موسم کو متاثر کر رہی ہیں، جبکہ کوئٹہ میں درجہ حرارت میں کمی کے اثرات بھی کراچی تک پہنچ رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار مضرِ صحت ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دسویں نمبر پر موجود ہے، جبکہ فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 139 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ دن بھر تقریباً 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں گی اور ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد سے زائد ہے۔
اسلام آباد اور نواحی علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا۔ شدید سردی، دھند اور فضائی آلودگی کے پیش نظر ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









