بہترین سفارت کاری کی بدولت پاکستان خطے میں مرکز نگاہ بن گیا: عالمی جریدہ

بہترین سفارت کاری کی بدولت پاکستان خطے میں مرکز نگاہ بن گیا: عالمی جریدہ
پاکستان کی متوازن اور مؤثر خارجہ پالیسی نے عالمی سطح پر مثبت پذیرائی حاصل کر لی ہے، جبکہ ملک کے دہشت گردی کے خلاف دوٹوک موقف اور خطے میں ذمہ دارانہ کردار کو عالمی برادری نے سراہا ہے۔
عالمی جریدہ دی ڈپلومیٹ کے مطابق پاکستان کی بہترین سفارت کاری نے اسے خطے میں مرکز نگاہ بنا دیا ہے۔ پاکستان نے بیک وقت امریکہ کے ساتھ تعمیری تعلقات اور چین کے ساتھ اسٹرٹیجک شراکت داری کو متوازن انداز میں آگے بڑھا کر ایک ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت پیش کیا ہے۔
چین نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے مؤثر کردار اور بہترین سفارت کاری کو بھرپور انداز میں سراہا۔
دی ڈپلومیٹ کے مطابق چین پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور سرحدوں کے پار بھی مؤثر کردار ادا کرنے والا ملک تصور کرتا ہے۔ چین نے پاکستان کے عالمی اور علاقائی معاملات میں اہم کردار کی حمایت کی ہے اور اسے سلامتی کونسل اور شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (SCO) کی صدارت کے لیے بہترین اور موزوں ملک قرار دیا ہے۔
دی ڈپلومیٹ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان اسٹرٹیجک شراکت داری متعدد شعبوں میں مضبوطی سے آگے بڑھ رہی ہے، اور چین نے ایک بار پھر پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
چین نے مسئلہ کشمیر کے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل پر زور دیا اور افغان طالبان سے جامع حکومت قائم کرنے اور شدت پسندوں کے خلاف قابل تصدیق کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کی موجودہ پالیسیوں کی حمایت اس کے موقف کی بھرپور توثیق ہے۔ پاکستان کی بہترین سفارت کاری اور دہشت گردی کے خلاف واضح موقف نے عالمی جریدہ دی ڈپلومیٹ میں بھی مہر ثبت کروا دی ہے، جس سے پاکستان کی عالمی اور علاقائی حیثیت مزید مستحکم ہوئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









