بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

100 سالہ ریکارڈ توڑ سردی!! پشاور تا کراچی برفباری؟ محکمہ موسمیات کی وضاحت سامنے آ گئی

12 جنوری, 2026 12:00

محکمہ موسمیات نے ملک میں صدی کی شدید ترین سردی اور غیر معمولی برفباری کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

ڈی جی محکمہ موسمیات صاحبزاد خان نے نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبریں من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں۔ ان کے مطابق آئندہ دنوں میں ملک بھر میں موسم معمول کے مطابق رہے گا اور کوئی ریکارڈ توڑ سردی یا غیر معمولی برفباری متوقع نہیں۔

ڈی جی نے بتایا کہ موجودہ سردی عام موسمِ سرما کے عین مطابق ہے اور عوام کو چاہیے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں بلکہ صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے جاری کردہ موسمی پیشگوئیوں پر اعتماد کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں تاکہ بلا وجہ خوف و ہراس پیدا نہ ہو۔

سوشل میڈیا پر کچھ خبریں وائرل ہو رہی تھیں جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 16 سے 25 جنوری کے درمیان ملک بھر میں گزشتہ 100 سال کی شدید ترین سردی پڑنے جا رہی ہے۔ ان خبروں میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں شہری علاقوں میں برفباری اور منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت گرنے کے امکانات ظاہر کیے گئے تھے۔ لاہور میں بھی موسمیاتی ماڈلز 5 انچ تک برفباری اور منفی 4 ڈگری تک درجہ حرارت گرنے کی نشاندہی کر رہے تھے۔

مری اور گلیات میں 2 سے 4 فٹ تک برفباری کی پیشگوئی کی گئی تھی جبکہ دیر میں 1 سے 2 فٹ برف پڑنے اور درجہ حرارت منفی 15 ڈگری تک گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، مظفرآباد اور ایبٹ آباد میں بھی شدید برفباری اور پھسلن کا خدشہ بیان کیا گیا۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں 21 سے 25 جنوری کے درمیان انتہائی شدید سردی اور 60 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے برفیلی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 20 جبکہ زیارت میں منفی 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیشگوئی کی گئی تھی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔