بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی پیداوار میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

12 جنوری, 2026 20:06

انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) جافری شمس الدین نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور انڈونیشیا کی وزارتِ دفاعی پیداوار کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دفاعی پیداوار میں اشتراک کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق رائے بھی کیا گیا، جن کا مقصد دونوں ممالک کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مستقبل میں عملی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج نے کہا کہ پاکستان، انڈونیشیا کو ایک قریبی دوست اور برادر مسلم ملک سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اہم تعاملات نے اعلیٰ سطح کے پیداواری تعلقات کی بنیاد رکھ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دفاعی پیداوار کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جس سے مشترکہ منصوبوں کے ذریعے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے انڈونیشیا کے حکام کو دفاعی تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کے لیے بین الاقوامی دفاعی نمائش IDEAS-2026 میں فعال شرکت کی دعوت بھی دی۔

انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) جافری شمس الدین نے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام کے عمل کو تیز کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور کہا کہ اس اقدام سے مستقبل میں تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی دفاعی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر سکیں گے۔

انہوں نے پرتپاک مہمان نوازی پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے، جہاں بھرپور ثقافت، فعال جمہوریت اور متحرک معیشت موجود ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے برادرانہ تعلقات کو باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر طویل مدتی اور مضبوط شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔