حقوق پر ڈاکا قبول نہیں، قوم کا لیڈر بلاجواز جیل میں نہیں رہ سکتا: وزیراعلیٰ کےپی

حقوق پر ڈاکا قبول نہیں، قوم کا لیڈر بلاجواز جیل میں نہیں رہ سکتا: وزیراعلیٰ کےپی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ حقوق پر ڈاکا قبول نہیں، قوم کا لیڈر بلاجواز جیل میں نہیں رہ سکتا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کراچی میں نمائش چورنگی پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سندھ حکومت کے طرزِ عمل پر سخت اعتراضات اٹھائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے جلسے کے انعقاد میں رکاوٹیں کھڑی کیں، تاہم عوام نے تمام مشکلات کے باوجود جلسے کو کامیاب بنا کر ثابت کردیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے الزام لگایا کہ مختلف مقامات پر کارکنوں کے ساتھ پولیس کی جانب سے سختی کی گئی، لیکن اس کے باوجود عوام بڑی تعداد میں جمع ہونے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ پنجاب اور سندھ دونوں میں حکومتی رویہ غیر دوستانہ رہا، مگر خیبرپختونخوا میں اگلا مرحلہ ہوگا جہاں سے اسٹریٹ موومنٹ کو مزید منظم کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے کراچی کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں نے شرکت کر کے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست ختم نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو عناصر یہ سمجھ رہے تھے کہ سیاسی جدوجہد دم توڑ چکی ہے، وہ آج خود صورتحال دیکھ لیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے نہ صرف جلسے میں رکاوٹیں ڈالیں بلکہ سندھی ثقافتی علامتوں جیسے ٹوپی اور اجرک کی توہین بھی کی گئی۔ پیپلز پارٹی نے آئینی ڈھانچے میں تبدیلیاں کر کے صوبے میں آمریت جیسا نظام قائم کر رکھا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ عوام ڈی چوک جانے کے لیے تیار ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی کال کے منتظر ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی کو عوام کے حقوق سلب کرنے یا قومی قیادت کو بلاجواز قید میں رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









