جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا سلیم اللہ خان ترکئی انتقال کر گئے

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا سلیم اللہ خان ترکئی انتقال کر گئے
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا سلیم اللہ خان ترکئی انتقال کر گئے، جس پر جماعت میں گہرے دکھ اور سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صدر مولانا فضل الرحمان اور ترجمان اسلم غوری نے مرحوم کے انتقال پر دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
جے یو آئی کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق اسلم غوری نے کہا کہ "برادرم مولانا سلیم اللہ خان ترکئی کی وفات کی خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ میں ایک باوفا، دلیر اور مخلص ساتھی سے محروم ہو گیا ہوں، جس کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔”
اسلم غوری نے مزید کہا کہ مرحوم ایک پختہ نظریاتی دوست اور جماعت کے سنجیدہ رہنما تھے۔ "ان کے ساتھ عشروں پر محیط رفاقت رہی اور وہ ہر دور میں اصولی موقف اور نظریاتی سیاست پر ثابت قدم رہے۔ مولانا سلیم اللہ خان ترکئی نے جماعت کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔”
ترجمان جے یو آئی (ف) اسلم غوری نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی دینی، سیاسی اور سماجی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔
اسلم غوری نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ "ہم ان کے دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ کریم مرحوم کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور انہیں صبرِ جمیل عطا کرے۔”
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











