بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

کراچی سے ٹینکرز اور ہائیڈنٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی ختم کرنے کا فیصلہ

13 جنوری, 2026 16:04

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں ٹینکرز اور ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام کو ہدایت دی ہے کہ شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لیے متبادل نظام متعارف کرایا جائے۔

میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں قائم سات ہائیڈرنٹس کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا اور پانی کی فراہمی پائپ لائنوں کے ذریعے یقینی بنائی جائے گی تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر پانی فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واٹر ہائیڈرنٹس سے ماہانہ تقریباً 30 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل ہوتا تھا، تاہم ان کے کنٹریکٹس گزشتہ سال ختم ہو چکے ہیں اور نئے کنٹریکٹس جاری نہیں کیے جائیں گے۔ میئر نے شہریوں کو ٹینکر مافیا سے نجات دلانا اولین ترجیح قرار دی۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ شہر میں پانی کی قلت کو پورا کرنے کے لیے مختلف علاقوں کو متبادل دنوں میں پانی فراہم کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی کوئی مستقل حل نہیں اور اس نظام سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کراچی نے مالی اصلاحات کے اقدامات بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں میئر کراچی نے ایف اے بی ایس ڈائریکٹوریٹ اور کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کے وفد سے ملاقات کی، جس میں مالی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

میئر کراچی نے کہا کہ مالی اصلاحات اور پانی کی فراہمی کے بہتر نظام سے نہ صرف شہریوں کی سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ کراچی میں شفاف اور موثر انتظامی نظام کو بھی فروغ ملے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔