بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

پاکستان کھربوں ڈالر مالیت کے معدنی وسائل کے ساتھ عالمی مائننگ معیشت میں ابھرنے کو تیار: دی نیشنل انٹرسٹ

13 جنوری, 2026 13:05

اسلام آباد: عالمی جریدے دی نیشنل انٹرسٹ میں شائع ہونے والے ایک تفصیلی مضمون کے مطابق پاکستان اپنے کھربوں ڈالر مالیت کے غیر استعمال شدہ معدنی وسائل کو اسٹریٹجک معاشی ترقی کی بنیاد بنانے کے لیے جامع حکومتی اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مائننگ پالیسیوں کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرتے ہوئے شفافیت، بین الاقوامی شراکت داری اور سرمایہ کار دوست ماحول کو فروغ دے رہا ہے۔

مضمون کے مطابق حکومت کی توجہ اہم معدنیات کو اسٹریٹجک سطح پر ترقی دینے پر مرکوز ہے تاکہ پاکستان عالمی سپلائی چین میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔ اس سلسلے میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 (PMIF26) کو اپریل میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے تیار ایک جدید مائننگ معیشت کے طور پر عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنا ہے۔

دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق بلوچستان میں واقع ریکوڈک منصوبہ دنیا کے بڑے کاپر اور گولڈ منصوبوں میں شامل ہے، جہاں تقریباً 5.9 ارب ٹن معدنی ذخائر موجود ہیں۔ یہ منصوبہ اربوں ڈالر کی آمدن اور ہزاروں براہِ راست و بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے قیمتی پتھروں (جیم اسٹونز) کی مجموعی مالیت تقریباً 450 ارب ڈالر ہے، تاہم اس شعبے کی سالانہ برآمدات اس وقت صرف 5.8 ملین ڈالر ہیں، جو اس خطیر پوٹینشل کے مقابلے میں نہایت کم ہیں۔ اس خلا کو پُر کرنے کے لیے حکومت نے پہلی مرتبہ قومی جیم اسٹون پالیسی متعارف کرا دی ہے۔

جیم اسٹون پالیسی کے تحت جدید سرٹیفیکیشن نظام، ویلیو ایڈیشن، ہنرمند افرادی قوت کی تربیت اور نوجوانوں کی کاروباری شمولیت پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ حکومت نے آئندہ پانچ برسوں میں جیم اسٹون برآمدات کو 1 بلین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق پاکستان میں لیتھیم، کوبالٹ اور نایاب زمینی عناصر جیسے اہم معدنیات کے وافر امکانات موجود ہیں، جو اسے مستقبل کی عالمی ٹیکنالوجی اور توانائی کی سپلائی چین کا اہم حصہ بنا سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ معدنی اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر، صنعتی ترقی اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق معدنی اور جیم اسٹون سیکٹر کی مؤثر ترقی سے آئندہ 10 برسوں میں سالانہ 5 سے 7 بلین ڈالر تک جی ڈی پی میں اضافہ ممکن ہے، جبکہ ہزاروں نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ دی نیشنل انٹرسٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان خود کو عالمی معدنی منڈی میں ایک ذمہ دار، شفاف اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر پیش کر رہا ہے، جو عالمی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔