بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

ارشد شریف قتل کیس آخری مراحل میں داخل؛ وفاقی آئینی عدالت نے کیس نمٹانے کا عندیہ دے دیا

14 جنوری, 2026 10:57

اسلام آباد میں ارشد شریف قتل کیس کی سماعت کے دوران وفاقی آئینی عدالت نے عندیہ دیا ہے کہ کیس اب آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملے پر مناسب حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔ سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ حقیقت یہ ہے کہ تفتیش کا عمل خاصا سست رہا ہے، تاہم عدالت کسی پر براہِ راست الزام نہیں لگانا چاہتی۔

سماعت کے دوران وکیلِ بیوہ ارشد شریف نے مؤقف اختیار کیا کہ ازخود نوٹس کی بنیاد پر جو کمیشن بنایا گیا تھا، اس کی تفتیش اب تک مکمل نہیں ہو سکی۔ جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ کینیا میں اب تک کیا پیش رفت ہوئی ہے۔ وکیل نے بتایا کہ کینیا میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا اور وہاں کی عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے قتل کو حادثہ قرار دینے کی استدعا منظور کی اور تفتیش کا حکم دیا۔

وکیلِ بیوہ ارشد شریف نے عدالت کو بتایا کہ کینیا میں عدالتی حکم کے باوجود تفتیش میں اب تک کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عدالت سے رجوع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ حکومت اس معاملے میں ہمارے ساتھ کھڑی ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور متاثرہ خاندان کے مؤقف میں واضح فرق ہے۔

عدالت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے بعد اب کینیا کے ساتھ مشترکہ تفتیش کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا جائے گا اور کینیا حکومت کی جانب سے فراہم کردہ شواہد کو بھی شاملِ تفتیش کیا جائے گا۔

سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے عمران فاروق قتل کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ واقعہ بھی انگلینڈ میں پیش آیا تھا اور وہاں کی پولیس کے ساتھ مل کر تفتیش کی گئی تھی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ عمران فاروق اور ارشد شریف قتل کیس کی نوعیت مختلف ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ارشد شریف قتل کیس میں چالان جمع کروا دیا گیا ہے اور دو ملزمان کو نامزد کیا جا چکا ہے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ دونوں ملزمان اس وقت کینیا میں گرفتار ہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق پاکستان میں تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور وزیراعظم نے خود کینیا کے صدر سے فون پر رابطہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ تفتیش جلد از جلد مکمل کی جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔