جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

ای چالان سے متعلق بڑی خوشخبری آ گئی

15 جنوری, 2026 17:25

کراچی کے شہری پچھلے کچھ عرصے سے بھاری ای چالان جرمانوں کی وجہ سے شدید پریشانی کا شکار تھے، تاہم اب ان کے لیے بڑی سہولت کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

شہر میں ای چالان سسٹم کے آغاز کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گاڑی اور موٹر سائیکل مالکان کو بھاری جرمانے بھیجے جانے لگے، جس پر عوام کی جانب سے مسلسل شکایات سامنے آتی رہیں۔

موٹر سائیکل سواروں اور کار مالکان کا مؤقف تھا کہ جرمانوں کی رقم عام آدمی کی استطاعت سے کہیں زیادہ ہے۔ کئی شہریوں نے ان جرمانوں کو غیر متوازن قرار دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ای چالان کی شرح میں کمی کی جائے تاکہ لوگوں پر مالی بوجھ کم ہو سکے۔

اب ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے عوامی تشویش کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں ای چالان جرمانوں میں نمایاں کمی پر غور شروع کر دیا ہے۔ تجویز زیر غور ہے کہ موٹر سائیکلوں پر عائد جرمانے 5 ہزار روپے سے کم کر کے 2 ہزار 500 روپے کر دیے جائیں۔ اسی طرح ایک ہزار سی سی سے کم گاڑیوں کے جرمانوں میں بھی تقریباً 50 فیصد تک کمی متوقع ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے وزیر داخلہ سندھ کی سربراہی میں قائم خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد نئے جرمانوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد شہریوں کو فوری ریلیف مل سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔