جمعہ، 16-جنوری،2026
جمعہ 1447/07/27هـ (16-01-2026م)

16 تا 22 جنوری گرج چمک کیساتھ بارش اور شدید برفباری کی پیشگوئی

16 جنوری, 2026 17:08

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں کے لیے شدید موسم کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 ادارے کے مطابق 16 سے 22 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر اس موسمی نظام سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ گلگت، ہنزہ، اسکردو، استور، چترال، دیر، مالم جبہ اور سوات میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے۔

اسی طرح بٹگرام، ناران، کاغان، گلیات اور مری میں بھی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھی سخت سردی اور خراب موسم کے پیش نظر ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق صوبے کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید سردی اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 19 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہوگا۔ 20 سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ اس دوران لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال اور ملتان میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 سے 23 جنوری کے دوران اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ 21 سے 23 جنوری تک بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ سندھ کے بعض حصوں میں 22 اور 23 جنوری کو بارش کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش اور برفباری کے باعث بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔