آسٹریلیا کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان، طلبہ کیسے درخواست دیں؟ مکمل طریقہ جان لیں

آسٹریلیا کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان، طلبہ کیسے درخواست دیں؟ مکمل طریقہ جان لیں
آسٹریلیا نے ماسٹرز کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ وظائف آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپ پروگرام کے تحت فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس پروگرام کے ذریعے منتخب پاکستانی طلبہ آسٹریلیا کی تسلیم شدہ جامعات میں ماسٹرز ڈگری حاصل کر سکیں گے، جبکہ تمام تعلیمی اور رہائشی اخراجات حکومتِ آسٹریلیا برداشت کرے گی۔
آسٹریلوی حکام کے مطابق امیدواروں کا انتخاب صرف تعلیمی نمبروں پر نہیں ہوگا بلکہ پیشہ ورانہ تجربے، قیادت کی صلاحیت، اور پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی اہلیت کو بھی مدِنظر رکھا جائے گا۔ خواتین، معذور افراد اور پسماندہ طبقات کی درخواستوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔
اسکالرشپس میں ان شعبوں کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے جن کا تعلق موسمیاتی تبدیلی، خواتین اور بچیوں کو بااختیار بنانے، زراعت، پانی کے بہتر استعمال، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مجموعی معاشی استحکام سے ہے۔
یہ اسکالرشپس صرف ماسٹرز ڈگری کے لیے ہوں گی اور منتخب طلبہ 2027 میں آسٹریلیا میں اپنی تعلیم کا آغاز کریں گے۔ وہ افراد جو پہلے ہی ماسٹرز یا اس کے مساوی ڈگری رکھتے ہیں، درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔
اسکالرشپ کے تحت مکمل تعلیمی فیس، رہائش کے اخراجات، آمد و رفت کے ہوائی ٹکٹ، صحت کی انشورنس، تعارفی تعلیمی پروگرام اور اضافی تعلیمی معاونت فراہم کی جائے گی۔ فیلڈ ورک پر مبنی پروگرامز کے لیے خصوصی الاؤنس بھی دیا جائے گا۔
درخواست دینے کے لیے امیدوار کا پاکستانی شہری ہونا، پاکستان میں مقیم ہونا اور ملک کے اندر سے درخواست دینا لازم ہے۔ کم از کم 16 سالہ تعلیم اور 5 سال کا متعلقہ کام کا تجربہ ضروری ہے، جبکہ عمر کی حد 45 سال مقرر کی گئی ہے۔
درخواست دہندہ کے پاس آسٹریلوی شہریت یا مستقل رہائش نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی وہ مستقل ہجرت کے لیے درخواست دے رہا ہو۔ معذور افراد کے لیے آئی ایلٹس کا کم از کم اسکور 6.0 مقرر ہے، بشرطیکہ کسی بھی بینڈ میں 5.0 سے کم اسکور نہ ہو۔
تمام درخواستیں OASIS پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرانا ہوں گی۔ امیدواروں کو اپنی تمام تعلیمی اور پیشہ ورانہ دستاویزات واضح، رنگین اسکین شدہ اور ہر زمرے کے تحت ایک واحد پی ڈی ایف فائل میں جمع کروانا ہوگا۔
درخواستیں یکم فروری 2026 کو کھولی گئی ہیں اور 30 اپریل 2026 کو آسٹریلین وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے بند ہو جائیں گی۔ تاخیر یا نامکمل درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
کامیاب امیدواروں کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد کم از کم دو سال پاکستان میں خدمات انجام دینا ہوں گی۔ حتمی نتائج کا اعلان 2026 کے آخر میں متوقع ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











