اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں سے درجنوں غیر قانونی مقیم افغان باشندے زیر حراست

پاکستان کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف سیکیورٹی اداروں نے ایک بڑا کومبنگ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں سے درجنوں افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، مری، چکوال، جہلم اور اٹک میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کومبنگ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
ان کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر پچاسی غیر قانونی افغان شہریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ ہمک کی حدود سے نو افراد کو زیر حراست لیا گیا ہے، جبکہ مری اور کوٹلی ستیاں کے علاقوں سے دو غیر قانونی افغان باشندوں سمیت تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک افغان کشیدگی کے باعث نیشنل ٹی ٹونٹی کپ پشاور سے راولپنڈی منتقل
سب سے بڑی کارروائی جہلم میں دیکھنے میں آئی جہاں ایک سو اکہتر گھروں کی مکمل تلاشی لی گئی اور ستاون غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا۔
چکوال میں بھی پولیس نے تیرہ افغان باشندوں اور دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جبکہ اٹک سے ایک غیر قانونی افغان شہری کو قابو کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ان آپریشنز کا مقصد شہروں میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے، اور اس عمل کے دوران گرفتار افراد سے غیر قانونی اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










