جنوبی افریقہ میں مشتعل افراد نے احتجاج کی آڑ میں پاکستانیوں کی دکانیں لوٹ لیں، سفارت خانے سے مدد کی اپیل

جنوبی افریقہ کے شہر ایسٹ لندن میں ایک نائجیرین شہری کی مبینہ تاج پوشی کے خلاف مقامی کمیونٹی کا احتجاج پرتشدد رخ اختیار کر گیا ہے، جس کی زد میں آکر پاکستانیوں کے کروڑوں روپے کے کاروبار تباہ ہو گئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے شہر ایسٹ لندن میں اس وقت صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، جہاں ایک نائجیرین شہری کی ‘اگبو کنگ’ کے طور پر مبینہ تاج پوشی کے خلاف مقامی آبادی نے بڑے پیمانے پر احتجاج شروع کر رکھا ہے۔
مقامی رہنماؤں کی قیادت میں شروع ہونے والا یہ مارچ ابتدائی طور پر پرامن تھا، تاہم دیکھتے ہی دیکھتے یہ مشتعل مظاہرین کے تشدد میں تبدیل ہو گیا۔
مظاہرین کا مؤقف ہے کہ جنوبی افریقہ کی سرزمین پر کسی غیر ملکی کو ‘کنگ’ یا بادشاہ کا خطاب دینا مقامی روایات، ثقافت اور ملکی خودمختاری کی کھلی توہین ہے۔ اس کے ساتھ ہی مظاہرین نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف بھی نعرے بازی کی اور حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کے اس پرتشدد احتجاج کا سب سے زیادہ نشانہ غیر ملکیوں کی املاک اور کاروبار بنے۔ رپورٹس کے مطابق مشتعل ہجوم نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی، جبکہ کئی تجارتی عمارتوں اور دکانوں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ کے مشہور ترین ام رباب چانڈیو کیس کے تمام ملزمان عدم شواہد کی بنیاد پر بری
اس افسوسناک صورتحال میں جنوبی افریقہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو شدید جانی و مالی خطرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر پاکستانیوں کی ملکیت سپازا شاپس اور سیل فون کی دکانوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ کئی مقامات پر پاکستانیوں کی دکانیں مکمل طور پر لوٹ لی گئیں اور فرنیچر و سامان کو تباہ کر دیا گیا۔
جنوبی افریقہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، جو کہ بڑی حد تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ ہے، اس وقت شدید سوگ کی حالت میں ہے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ میں ان کا کوئی پرسانِ حال نہیں اور مقامی پولیس صورتحال کو مکمل کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے۔
اگرچہ پولیس حکام نے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے اور فی الوقت تناؤ میں کچھ کمی آئی ہے، لیکن پاکستانی تاجروں کا جو نقصان ہو چکا ہے اس کی تلافی مشکل نظر آتی ہے۔
پاکستانی کمیونٹی نے حکومتِ پاکستان، وزارتِ خارجہ اور جنوبی افریقہ میں تعینات پاکستانی سفارتی حکام سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو فوری طور پر سفارتی سطح پر اٹھائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی حکومت کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے پاکستانیوں کے جان و مال اور کاروبار کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے نسلی یا گروہی تشدد سے پاکستانی شہریوں کو بچایا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












