جمعہ، 1-مئی،2026
جمعہ 1447/11/14هـ (01-05-2026م)

سندھ کے مزارات اور مذہبی مقامات کیلئے کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

31 مارچ, 2026 14:27

وزیراعلیٰ سندھ سید کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اہم اجلاس میں صوفیائے کرام کے مزارات کی تزئین و آرائش اور زائرین کے لیے سہولیات کی فراہمی کے کروڑوں روپے کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے مختلف مزارات اور مذہبی مقامات کی تعمیر و ترقی کے لیے متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق محکمہ اوقاف اور مذہبی امور نے مزارات کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی تجاویز پیش کیں، جنہیں کابینہ نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔

اجلاس میں ضلع خیرپور کے علاقے درازہ شریف میں عظیم صوفی بزرگ حضرت سچل سرمست رحمتہ اللہ علیہ کے نام سے منسوب ایک جدید لائبریری قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس لائبریری کے منصوبے پر کل پانچ کروڑ پندرہ لاکھ روپے لاگت آئے گی، جس کا مقصد صوفیانہ تعلیمات کو عام کرنا اور محققین کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ کے مشہور ترین ام رباب چانڈیو کیس کے تمام ملزمان عدم شواہد کی بنیاد پر بری

اسی طرح مٹیاری کے علاقے بھٹ شاہ میں شاہ عبداللطیف بھٹائی رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر بھی ترقیاتی کاموں کی منظوری دی گئی۔

اس منصوبے کے تحت درگاہ کی اندرونی سڑکوں کی بحالی کی جائے گی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نیا دو سو کے وی اے کا ٹرانسفارمر نصب کیا جائے گا۔

سندھ کابینہ نے درگاہ شاہ بھٹائی کے اس منصوبے کے لیے تین کروڑ چھتیس لاکھ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ دونوں منصوبوں کے لیے مجموعی فنڈز کا پچیس فیصد حصہ فوری طور پر جاری کیا جائے تاکہ کام کا آغاز ہو سکے۔

سید مراد علی شاہ نے تاکید کی کہ مزارات پر آنے والے زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کی رفتار تیز کی جائے کیونکہ یہ مقامات سندھ کی ثقافت اور پہچان کا اہم حصہ ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔