سب انسپکٹر سے ایس پی کے عہدے تک کا سفر، دختر بلوچستان شبانہ ارشاد نے مثال قائم کر دی

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی شبانہ ارشاد ترین نے ہمت اور استقامت کی ایک نئی مثال قائم کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ دخترِ بلوچستان ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہیں۔
شبانہ ارشاد ترین، جو اس وقت پولیس میں ایس پی کے عہدے پر فائز ہیں، نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک سب انسپکٹر کے طور پر کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد پولیس فورس کا حصہ تھے اور انہیں وردی میں دیکھ کر ہی ان کے دل میں پولیس افسر بننے کا خواب جاگا تھا۔ اپنی مسلسل محنت اور لگن سے انہوں نے نہ صرف یہ خواب پورا کیا بلکہ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے ایس پی کے عہدے تک پہنچیں۔
یہ بھی پڑھیں : پائپ لائن دھماکے سے کوئٹہ اور مضافات میں گیس کا بحران، شہریوں کو متبادل انتظام کی ہدایت
ایس پی شبانہ ارشاد ترین کا کہنا ہے کہ پولیس فورس میں دورانِ ملازمت انہیں ہمیشہ اپنے سینیئر افسران کی جانب سے بھرپور حوصلہ افزائی ملی۔ ان کی بہترین کارکردگی پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی انہیں خصوصی انعام سے نوازا ہے۔
وہ سمجھتی ہیں کہ بلوچستان کی خواتین کو تعلیم کے ساتھ ساتھ پولیس جیسے چیلنجنگ شعبوں کا حصہ بننا چاہیے تاکہ وہ معاشرے کی خدمت میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین پولیس فورس میں شامل ہو کر اپنی قابلیت ثابت کر سکتی ہیں اور دیگر خواتین کے لیے تحفظ کا احساس پیدا کر سکتی ہیں۔
شبانہ ارشاد ترین کا یہ سفر پاکستان کی تمام خواتین کے لیے ایک پیغام ہے کہ اگر ارادہ پختہ ہو تو کوئی بھی رکاوٹ منزل کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









