ہفتہ، 18-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/29هـ (17-04-2026م)

کراچی : سرکاری ٹرک کی ٹکر سے شوہر کی موت، بیوہ نے 9 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا

01 اپریل, 2026 13:23

کراچی کے علاقے گلشن بہار میں عید کے روز سرکاری ٹرک کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے شہری کی بیوہ نے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو اپنے شوہر کی موت کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے 9 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔

کراچی کی سینئر سول عدالت غربی میں ایک اہم کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عید کے روز پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے پر سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو فریق بنایا گیا ہے۔

متوفی عمر طارق کی بیوہ عظمیٰ نے اپنے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے عدالت میں نو کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 21 مارچ 2026 کو عمر طارق اپنے کام سے واپس گھر لوٹ رہے تھے کہ جب وہ گلشن بہار کے مقام پر پہنچے تو سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایک تیز رفتار ٹرک نے ان کی موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر مار دی۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں منکی پاکس کا پہلا کیس رپورٹ، بیرون ملک سے آنے والا نوجوان متاثر

حادثے کے نتیجے میں عمر طارق شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ میڈیکل رپورٹ میں بھی موت کی وجہ ٹرک کی ٹکر سے آنے والے گہرے زخموں کو قرار دیا گیا ہے۔

درخواست گزار بیوہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر ماہانہ 60 ہزار روپے کما رہے تھے اور وہ اپنے چار بچوں کے واحد کفیل تھے۔ شوہر کی وفات کے بعد گھر کا گزر بسر انتہائی مشکل ہو گیا ہے اور پورا خاندان ذہنی و معاشی کرب کا شکار ہے۔

بیوہ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی غفلت کی وجہ سے ان کا گھر اجڑا ہے، لہٰذا ادارے کو حکم دیا جائے کہ وہ متاثرہ خاندان کو 9 کروڑ روپے بطور ہرجانہ ادا کرے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔