ہفتہ، 18-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/29هـ (17-04-2026م)

ڈی آئی خان: موٹر سائیکل چھیننے کے تنازع پر خونی تصادم، 6 افراد فائرنگ سے جاں بحق

01 اپریل, 2026 14:42

ڈیرہ اسماعیل خان میں موٹر سائیکل چھیننے کے معمولی تنازع پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ کے گاؤں بڑی چڑی بھوہر کے قریب فائرنگ کا ایک انتہائی لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس خونی واقعے کا پس منظر گزشتہ رات گن پوائنٹ پر چھینی گئی تین موٹر سائیکلیں ہیں۔

ایس ایچ او ثمر عباس کے مطابق آج گاؤں منگل میں استرانہ قبائل کے لوگ ان موٹر سائیکلوں کی برآمدگی کے لیے مروت نیوب ویل پر آئے تھے، جہاں ذوالفقار مروت گروپ کے افراد کے ساتھ ان کی سخت تلخ کلامی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں کی تباہی، 11 افراد جاں بحق

تلخ کلامی اس قدر بڑھی کہ مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں پاکستان پیپلز پارٹی علاقہ استرانہ کے سرگرم کارکن شربت خان استرانہ کے بھائی الطاف خان استرانہ بھی شامل ہیں۔ زخمیوں اور مقتولین کو فوری طور پر تحصیل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، تاہم ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ علاقے میں صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔