پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک کی فلسطینیوں کیخلاف سزائے موت کے اسرائیلی قانون کی مذمت

پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف سزائے موت کے نئے اسرائیلی قانون پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آٹھ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس اسرائیلی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سراسر امتیازی اور عالمی امن کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قیدیوں کے خلاف ایسے قوانین کا نفاذ خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دے گا اور حالات کو بے قابو کر دے گا۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے واضح کیا کہ اسرائیلی پالیسیاں مقبوضہ علاقوں میں اپارتھائیڈ یعنی نسلی امتیاز کے نظام کو مضبوط کرنے کی ایک مذموم کوشش ہیں۔ ان قوانین کے ذریعے فلسطینیوں کے بنیادی انسانی حقوق کی نفی کی جا رہی ہے جو کہ عالمی قوانین کے منافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی پارلیمنٹ میں فلسطینی قیدیوں کیلئے سزائے موت کا قانون منظور، عالمی سطح پر مذمت
مسلم ممالک نے اسرائیلی حراست میں موجود فلسطینی قیدیوں کے حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وہاں جاری تشدد اور غیر انسانی سلوک کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزرائے خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات خطے کے استحکام کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ پاکستان اور دیگر سات مسلم ممالک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں پر جوابدہی کو یقینی بنائے۔
بیان میں کشیدگی کم کرنے اور مزید بگاڑ روکنے پر زور دیتے ہوئے فلسطینی عوام کے خلاف جاری جارحانہ پالیسیوں کی مخالفت کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









