جمعہ، 17-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/29هـ (17-04-2026م)

افغان سرزمین سے دہشت گردی کسی صورت قبول نہیں، کابل اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، پاکستان

02 اپریل, 2026 15:02

پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے سرحدی انتظام میں ناکامی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کابل انتظامیہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے اور اپنے شہریوں کو دراندازی سے باز رکھے۔

پاک افغان سرحد پر حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاکستان نے ایک بار پھر افغان طالبان انتظامیہ کی سرحدی انتظام میں ناکامی کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔

پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پر بارڈر مینجمنٹ کے مؤثر اقدامات کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے، جس کے نتیجے میں دہشت گرد گروہ پاکستان میں کارروائیاں کرنے کے لیے افغان مٹی کا استعمال کر رہے ہیں۔

پاکستانی حکام نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ افغان مٹی کا پاکستان کے خلاف استعمال کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور کابل کو اپنے وعدوں کے مطابق خوارج کو روکنا ہوگا۔

پاکستانی دفترِ خارجہ اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے جاری کردہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی میں افغان شہریوں کا براہِ راست ملوث ہونا افغان طالبان کے ان وعدوں کی صریح خلاف ورزی ہے، جو انہوں نے عالمی برادری اور پاکستان سے کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : افغان شہری کی ملا ہیبت اللہ پر تنقید اور پاکستانی عسکری قیادت کی حمایت پر بنائی گئی ویڈیو وائرل

پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا خاتمہ کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ وہاں سے کوئی بھی گروہ پاکستان کی سلامتی کو نشانہ نہ بنا سکے۔

سیکورٹی فورسز نے ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے وژن ‘عزمِ استحکام’ کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک بھر سے دہشت گردی کی لعنت کو مٹانے کے لیے بھرپور قوت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور سرحد پار سے ہونے والی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔