اپوزیشن کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر پارلیمنٹ میں شدید احتجاج

قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ گونج اٹھا، ایوان میں شدید بدمزگی اور ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اس وقت میدانِ جنگ بن گیا، جب اپوزیشن اراکین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔ اراکین نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے اسے عوام دشمن قرار دیا۔
جیسے ہی اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی، اپوزیشن اراکین نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے احتجاج شروع کر دیا۔
اپوزیشن اراکین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس دوران احتجاج اس قدر شدت اختیار کر گیا کہ اراکین نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اڑا دیں، جس سے ایوان کی کارروائی مفلوج ہو کر رہ گئی۔
یہ بھی پڑھیں : عوام میں جانے کے قابل نہیں رہے، پیٹرول مہنگا کرنے پر نبیل گبول کی تنقید
پوائنٹ آف آرڈر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما جنید اکبر نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس نالائق حکومت نے رات کے اندھیرے میں چوروں کی طرح عوام پر ’پیٹرول بم‘ گرایا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ حکومت غریبوں کا خون چوسنے پر تلی ہوئی ہے اور عالمی حالات کا بہانہ بنا کر اپنی نااہلی چھپائی جا رہی ہے۔
اپوزیشن کے شور شرابے اور نعرے بازی کی وجہ سے اسپیکر کو بارہا نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کرنی پڑی، تاہم اپوزیشن اراکین نے اپنا احتجاج جاری رکھا اور واضح کیا کہ جب تک یہ ظالمانہ اضافہ واپس نہیں لیا جاتا، وہ حکومت کو چین سے بیٹھنے نہیں دیں گے۔
جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









