کراچی میں ریکارڈ توڑ بارش سے اکتالیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سات افراد جاں بحق

کراچی میں اپریل کے مہینے میں اکتالیس سالہ ریکارڈ توڑ بارش نے جہاں موسم خوشگوار کر دیا، وہیں سات افراد کی جانیں بھی لے لیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے اور دیواریں گرنے کے واقعات کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت کراچی میں مون سون سے قبل ہی قدرت کا ایسا کرشمہ دیکھنے میں آیا، جس نے گزشتہ اکتالیس سالہ ریکارڈ پاش پاش کر دیئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اڑتیس اعشاریہ سات ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو اپریل کے مہینے میں 1985 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔
اس غیر معمولی بارش کے نتیجے میں شہر کا درجہ حرارت سولہ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے، جو معمول سے تقریباً چھ ڈگری کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ میں ایمرجنسی سروسز کیلئے 30 ارب روپے منظور، نئی خود مختار اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ
تاہم یہ خوشگوار موسم شہریوں کے لیے زحمت بھی ثابت ہوا، جہاں مختلف حادثات میں سات افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر افراد کرنٹ لگنے اور خستہ حال دیواریں گرنے کی وجہ سے لقمہ اجل بنے۔
بارش کے باعث کراچی کے تمام نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور کئی گھنٹوں تک سڑکوں پر گاڑیاں پھنسی رہیں۔
کے الیکٹرک کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے شہر کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا، جس نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
محکمہ موسمیات نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ اب شدید بارشوں کا امکان ختم ہو چکا ہے، تاہم اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی بوندا باندی یا ڈرِزل کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو بجلی کے کھمبوں اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہنے کی تاکید کی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











