خیبر پختونخوا میں بارشوں کی تباہ کاریاں، جاں بحق افراد کی تعداد 45 ہوگئی

پی ڈی ایم اے نے اب تک خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد 45 ہوگئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں کے قہر نے جانی و مالی تباہی کی داستان رقم کر دی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 25 مارچ سے جاری بارشوں کے نتیجے میں اب تک 45 افراد جاں بحق اور ایک سو پانچ زخمی ہو چکے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں میں 23 بچے، 17 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 45 مرد، 16 خواتین اور 44 بچے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : رہائی فورس کی تشکیل پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے جواب طلب
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث صوبے بھر میں مجموعی طور پر 442 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 382 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور 60 گھر مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے۔
یہ افسوسناک واقعات بنوں، ایبٹ آباد، مردان، باجوڑ، پشاور، سوات، اپر دیر اور جنوبی وزیرستان سمیت صوبے کے 28 مختلف اضلاع میں پیش آئے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو فوری امدادی سامان کی فراہمی کی ہدایت کر دی گئی ہے اور ریسکیو الیون ٹو ٹو سمیت تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ چھ اپریل سے نو اپریل تک بارشوں کا ایک نیا سلسلہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر اور سیاحتی مقامات کی طرف جانے سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









