منگل، 14-اپریل،2026
منگل 1447/10/26هـ (14-04-2026م)

سندھ میں موٹر سائیکل ٹرانسفر فیس ختم، ایکسائز دفاتر رات بارہ بجے تک کھلے رہنے کا اعلان

06 اپریل, 2026 15:12

وزیراعلیٰ سندھ نے مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ دو ہزار روپے سبسڈی دینے اور رجسٹریشن فیس مکمل ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبے کے موٹر سائیکل مالکان کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ دو ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی، جس کا آغاز اسی ماہ یعنی اپریل سے ہی کر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ یہ ریلیف صرف ان افراد کو ملے گا، جن کی موٹر سائیکل ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہوگی۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر انہوں نے کسی سے موٹر سائیکل خریدی ہے تو اسے فوری طور پر اپنے نام پر منتقل کروائیں تاکہ وہ اس سرکاری رعایت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ کی عوام سے سادگی اپنانے اور توانائی بچانے کی اپیل

شہریوں کی سہولت کے لیے وزیراعلیٰ نے ایک اور بڑے اقدام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ موٹر سائیکل رجسٹریشن اور ٹرانسفر کی پانچ سو روپے کی فیس کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

اس عمل کو تیز بنانے کے لیے صوبے بھر میں محکمہ ایکسائز کے دفاتر اب صبح آٹھ بجے سے رات بارہ بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کے روز بھی دفاتر میں کام جاری رہے گا۔ گزشتہ ہفتہ اور اتوار کے دوران تقریباً پندرہ سو موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن منتقل کی جا چکی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں اس وقت چھیاسٹھ لاکھ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں اور شہری محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ یا مخصوص ایپ کے ذریعے اپنی ملکیت کی تصدیق کر سکتے ہیں، جس کے بعد رقم براہِ راست ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ نے تاجروں اور ریسٹورنٹ مالکان سے ہونے والی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ بازاروں کی بندش کے حوالے سے مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں تاہم کسی ایک گروہ کی بات مان کر فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مختلف بازاروں کے اوقات الگ الگ نہیں رکھے جا سکتے اور اس حوالے سے وفاقی حکومت کو اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہی حتمی فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ بھی اجلاس منعقد کیا گیا ہے اور حکومت عوام کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔