بدھ، 15-اپریل،2026
بدھ 1447/10/27هـ (15-04-2026م)

کراچی : عدالت کا گیس لیکیج سے ہلاکتوں پر متاثرہ شہری کو 3 کروڑ ہرجانہ دینے کا حکم

07 اپریل, 2026 13:50

کراچی کی مقامی عدالت نے گیس دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر سوئی سدرن گیس کمپنی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مدعی کو 3 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سینیئر سول جج غربی نے اورنگی ٹاؤن ملت کالونی میں 2022 میں ہونے والے گیس دھماکے کے کیس میں تاریخی فیصلہ سنا دیا ہے۔

عدالت نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں غفلت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 3 کروڑ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

کیس کی تفصیلات کے مطابق اکتوبر 2022 میں گیس لیکیج کی وجہ سے ایک گھر میں زوردار دھماکہ ہوا تھا، جس میں مدعی کے والدین جاں بحق ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : پائپ لائن دھماکے سے کوئٹہ اور مضافات میں گیس کا بحران، شہریوں کو متبادل انتظام کی ہدایت

مدعی کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے کہ علاقے میں گیس لیکیج کی متعدد شکایات کے باوجود کمپنی نے کوئی کارروائی نہیں کی، جبکہ گیس کی ترسیل اور دیکھ بھال کی قانونی ذمہ داری کمپنی پر عائد ہوتی ہے۔

اگرچہ سوئی سدرن کے وکیل نے یہ مؤقف اپنایا کہ لیکیج ان کی لائن سے نہیں ہوئی اور مدعی ان کا صارف نہیں ہے، مگر عدالت نے گیس بل کی موجودگی اور کمپنی کی نااہلی کو ثابت شدہ قرار دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ گیس فراہم کرنے والا ادارہ شہریوں کے تحفظ کا پابند ہے اور اس کی غفلت کے سنگین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر ہرجانے کی رقم ادا کرے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔