پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات معاشی شراکت داری میں بدل رہے ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم نے ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انصاف کی فراہمی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے جمہوریہ ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا نے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید استحکام دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ صدیوں پر محیط برادرانہ رشتے ہیں، جو اب تیزی سے ایک جامع معاشی شراکت داری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : موٹرسائیکل مالکان کو پیٹرول پر سبسڈی کس طرح ملے گی؟ وزیراعلیٰ سندھ نے تفصیلات جاری کر دیں
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کی انصاف تک آسان رسائی کے لیے دونوں ممالک ایک دوسرے کے قانونی اور عدالتی تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے ترکیہ کے وفد کے حالیہ دورے کے دوران ہونے والی مفاہمتی یادداشت کو اس سمت میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ انصاف کی جلد فراہمی کے لیے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان تجربات کا تبادلہ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی، انسدادِ دہشت گردی اور امیگریشن جیسے اہم شعبوں میں قوانین کے نفاذ کے لیے بھی تعاون بڑھایا جائے گا۔
ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا نے پاکستان میں ہونے والی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ محبت ہر ترک شہری کی رگوں میں بسی ہے۔
انہوں نے پیشکش کی کہ ترکیہ کی آئینی عدالت اپنے چونسٹھ سالہ وسیع تجربے کی روشنی میں پاکستان کے ساتھ ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے تاکہ عدالتی نظام کو مزید جدید بنایا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










