کینیڈا اور یورپی یونین کا اسحاق ڈار سے رابطہ، امریکہ ایران مذاکرات میں پاکستان کے کردار کا اعتراف

وزیرِ خارجہ نے کینیڈا کی وزیرِ خارجہ اور یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کلاس سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔ عالمی رہنماؤں نے مذاکرات کی سہولت کاری پر پاکستان کے کردار کی بھرپور تعریف کی ہے۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں اہم عالمی رابطے کیے ہیں۔
گزشتہ رات دیر گئے انہوں نے کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند سے فون پر بات چیت کی، جس میں اسلام آباد میں ہونے والے امریکہ اور ایران کے مذاکرات سمیت دیگر علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کینیڈین وزیرِ خارجہ نے دونوں فریقین کے درمیان مکالمے کی راہ ہموار کرنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین کے لیے جنگ بندی کی پاسداری ناگزیر ہے اور پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں : مشرقِ وسطیٰ کشیدگی : اسحاق ڈار کی مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں
دوسری جانب، یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کلاس نے بھی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو فون کیا اور علاقائی صورتحال پر پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے کی تعریف کی۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کے انعقاد کو ایک مثبت اور تعمیری قدم قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ تنازعات کا واحد حل مسلسل مکالمہ اور سفارت کاری میں پنہاں ہے۔
اسحاق ڈار اور کاجا کلاس نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے میں رہنے کا عزم دہرایا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










