منگل، 14-اپریل،2026
منگل 1447/10/26هـ (14-04-2026م)

16 اپریل سے بارشیں ہی بارشیں؛ بڑی پیشگوئی سامنے آگئی

14 اپریل, 2026 10:05

خیبر پختونخوا میں ایک بار پھر موسم کی تبدیلی کی پیشگوئی سامنے آ گئی ہے۔ تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق 16 سے 19 اپریل کے دوران پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔ اس دوران چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ اور ایبٹ آباد میں بارش کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کے ساتھ تیز ہواؤں اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران موسم کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے جبکہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کے امکانات بھی موجود ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور بارشوں کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کھڑی فصلوں پر بھی اس موسم کے اثرات پڑنے کا خدشہ ہے، اس لیے کسانوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا بندوبست کیا جائے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے مجموعی طور پر ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرد اور غیر مستحکم رہنے کی توقع ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔